تمنا ، سمنتا ، رکول پریت سنگھ کی تصاویر کے ساتھ ووٹر لسٹ تیار، عہدیداروں کا سخت نوٹ، پولیس میں شکایت درج
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ووٹر لسٹ میں بے قاعدگیوں کے الزامات کے بعد کئی مزید انکشافات ہوئے ہیں۔ تلگو فلمی اداکاروں سمنتا ، تمنا ، رکول پریت سنگھ کے فرضی ووٹر شناختی کارڈ کی فہرست سوشیل میڈیا میں تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ ووٹر لسٹ میں یہ فہرست پائے جانے پر سیاسی حلقوں میں حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ تاہم یہ عہدیداروں کی جانب سے تیار کردہ فہرست ہے یا کوئی فرضی فہرست سوشیل میڈیا میں وائرل کر رہے ہیں، اس کا ابھی پتہ نہیں چلا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ فرضی ووٹرس کے ایپک نمبرس کے ساتھ اداکاروں کی فوٹوز لگاکر ووٹر شناختی کارڈ تیار کرنے کا پتہ چلا ہے ، جس پر حیدرآباد الیکشن آفیسرس اس کا سخت نوٹ لیا ہے جس کے بعد انتخابی عہدیدار اس کام میں مصروف ہوگئے ہیں کہ کون فرضی طور پر فلمی اداکاروں کے ساتھ فرضی کارڈ تیار کئے ہیں، اس کا پتہ لگانے کی کوشش کی جار ہی ہے ۔ ساتھ ہی پولیس اسٹیشن میں بھی اس کی ایک شکایت درج کرائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چند دن قبل بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے فہرست رائے دہندگان میں بڑے پیمانہ پر فرضی ووٹس شامل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک پاور پوائنٹ پریزینٹیشن پیش کیا تھا اور اس پر حکومت اور الیکشن کمیشن کو وضاحت کرنے کی اپیل کی تھی۔ بصورت دیگر ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا اعلان کیا تھا ۔ الیکشن کمیشن نے کے ٹی آر کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جو فہرست رائے دہندگان تیار کی گئی ہے ، وہ درست ہے۔ دوسری جانب اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی۔ تمام جماعتوں کی جانب سے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ بی آر ایس پارٹی کے امیدوار سنیتا نے پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے۔ اس کے بعد تمام جماعتیں جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے مختلف ڈیویژنس میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے اپنے اپنے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔2