فلمی صنعت پر منشیات کا اثر ‘ اداکارہ رکل پریت سنگھ کا بھائی گرفتار

   

منشیات کا بین الاقوامی ریاکٹ بے نقاب۔ دیگر کچھ افراد کی بھی گرفتاری ۔ فلمی حلقوں میں سنسنی
حیدرآباد : 15جولائی( سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس کی ایک کارروائی میں معروف فلم اداکارہ رکل پریت سنگھ کے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ انہیں منشیات کے استعمال اور انہیں اپنے پاس رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ اینٹی نارکوٹک بیورو اور اسپیشل آپریشن ٹیم کی مشترکہ کارروائی میں بین الاقوامی منشیات کے ریاکٹ کو بے نقاب کیا گیا جبکہ پولیس نے اس معاملہ میں منشیات کے استعمال کرنے والوں کی بھی گرفتاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ ان میں 5 افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔یہ تازہ کارروائی نائیجریائی باشندوں کی گرفتاری کے بعد عمل میں لائی گئی جس میں رکل پریت سنگھ کے بھائی امن سنگھ کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس کے م طابق کل 30 افراد کے ناموں پر مشتمل فہرست کو سائبرآباد پولیس کمشنر کے حوالے کردیا گیا ہے اور ان کے متعلق پوچھ تاچھ جاری ہے ۔ فلم اداکارہ رکل پریت سنگھ کے بھائی امن پریت سنگھ کی گرفتاری سے فلمی دنیا میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے اور بڑی کارروائیوں میں ہر مرتبہ کسی نہ کسی فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیت کا نام منظر عام پر آتا ہے ۔ یاد رہے کہ رکل پریت سنگھ بھی سابق میں منشیات کے استعمال کے الزامات کا سامنا کرچکی ہیں ۔ پولیس کی جانب سے منشیات کے استعمال کے اس معاملہ کو ہر زاویہ سے تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ واضخ رہے کہ گزشتہ دنوں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھی منشیات کے معاملہ میں فلم انڈسٹری اپنی فلموں میں منشیات کے استعمال اور انہیں فروغ دینے والے مناظر پیش کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا تھا اور محکمہ پولیس کو ہدایت دی تھی کہ منشیات کے خلاف آہنی پنجہ سے کارروائی کی جائے ۔ ریاست کو نشہ سے پاک کرنے کو حکومت اولین اہمیت دے رہی ہے ۔ ایسی صورت میں فلم انڈسٹری سے جڑے افراد کے ناموں کا انکشاف اور گرفتاریاں سنسنی کا سبب بنی ہوئی ہیں ۔ رکل پریت سنگھ کے بھائی کی گرفتاری کے بعد انڈسٹری میں ان سے جڑے ہر فرد کو تحقیقات کے گھیرے میں لینے کے امکانات ہیں ۔ امن سنگھ کے علاوہ منشیات استعمال کرنے والے جن دیگر 4 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ان میں انکیت ریڈی ، پرشانت ، مدھو سدن اور نکھل دھاون شامل ہیں ۔ ع