حیدرآباد: مشہور اداکارہ رکول پریت سنگھ کورونا پازیٹیو پائی گئیں جس کے بعد انہوں نے سیلف کورنٹائن کرلیا ہے۔ رکول پریت سنگھ نے حال ہی میں اپنی نئی فلم ’’ مئی ڈے‘’ کی شوٹنگ کا امیتابھ بچن اور اجئے دیوگن کے ساتھ آغاز کیا ہے۔ رکول نے کورونا سے متاثر ہونے کی خبر کو اپنے مداحوں کے ساتھ انسٹگرام پر شیئر کیا اور اپنی صحت سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے بھی واقف کرایا۔ انہوں نے کورونا سے متاثر ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ صحت مند ہیں اور آرام کریں گی تاکہ جلد ہی صحت یاب ہوکر وہ شوٹنگ کے لئے واپس آسکیں۔ انہوں نے گزشتہ چند دنوں کے دوران ان کے رابطہ میں آنے والی تمام افراد سے درخواست کی ہے کہ وہ بھی اپنا کورونا ٹسٹ کروالیں ۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو محفوظ رہنے کا مشورہ دیا ۔ گزشتہ ماہ رکول پریت سنگھ اپنی فیملی کے ساتھ مالدیپ کے دورہ پر گئی تھی۔
