ممبئی ۔ 15 نومبر (ایجنسیز) فلم ادکارہ شردھاکپور اور ان کے بھائی سدھانت کپور کو ممبئی پولیس نے 252 کروڑ روپے کی منشیات اسمگلنگ معاملہ میں پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا ہے جن کا تعلق انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے بتایا جارہا ہے۔ ان کے علاوہ اس معاملہ کی تحقیقات میں بالی ووڈ کی دیگر شخصیات جیسے نورافتحی، فلمساز و ہدایتکار جوڑی عباس مستان اور متوفی سیاستداں بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ تحقیقات کے مطابق ممبئی اور دبئی میں انتہائی پرتکلف پارٹیوں کا اہتمام کیا جاتا تھا جس کے منتظم محمد سلیم، محمد سہیل شیخ تھے جن کے مبینہ طور پر داؤد ابراہیم سے قریبی تعلقات رہے ہیں۔ ان پارٹیوں میں داؤد ابراہیم کی بہن حسینہ پارکر کا بیٹا علی شاہ پارکر بھی شرکت کیا کرتا تھا۔ یاد رہے کہ 2017 میں حسینہ پارکر کی زندگی پر بنائی گئی فلم میں شردھاکپور نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک ان تمام الزامات کی مکمل طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
