ممبئی 15 جولائی (ایجنسیز) 70 ء اور 80 ء کے دہے کے مشہور اداکار اور ٹیلی ویژن پروڈیوسر و ڈائرکٹر دھیرج کمار کا اندھیری میں واقع کوکیلا بین امبانی ہاسپٹل میں دیہانت ہوگیا۔ وہ 79 برس کے تھے۔ اُنھوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز فلم ’’راتوں کا راجہ‘‘ سے کیا تھا جس میں شتروگھن سنہا نے ویلن کا کردار ادا کیا تھا۔ اُن کا ٹیلی ویژن سیرئیل ’’کہاں گئے وہ لوگ‘‘ بھی بہت مقبول ہوا تھا۔ منوج کمار کے ساتھ اُن کی بہت گہری دوستی تھی اور اُنھوں نے اُن کی فلم ’’روٹی کپڑا اور مکان‘‘ میں کام کیا تھا۔ اس کے علاوہ اُن کی ایک مشہور فلم ’’سوامی‘‘ بھی کی تھی جس کا ایک گانا بہت مشہور تھا ’’آئے نا بالم کیا کروں سجنی‘‘۔ دیوآنند کی فلم ’’ہیرا پنّا‘‘ میں اُنھوں نے ویلن کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کے علاوہ شرڈی کے سائی بابا بھی اُن کی مشہور فلم تھی۔ اُن کے دیہانت پر بالی ووڈ سوگ میں ڈوب گیا ہے۔