فلم اداکار سونوسود نے کے ٹی آر کو حقیقی ہیرو قرار دیا

   

کے ٹی آر نے اظہار تشکر کرتے ہوئے سونوسود کو سوپر ہیرو قرار دیا ، ٹوئیٹر پر ایک دوسرے کی ستائش
حیدرآباد :۔ فلم اداکار سونوسود نے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو اصلی ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں تلنگانہ تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔ نندکشور نامی ایک شخص نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کے ٹی آر کو ایک ٹویٹ کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ اپیل کرنے کے اندرون 10 گھنٹے انہیں آکسیجن فراہم کی گئی ہے ۔ اس مدد کو وہ کبھی بھول نہیں پائیں گے ۔ تلنگانہ کے عوام کے لیے مصیبت کے موقع پر مدد کرتے ہوئے کے ٹی آر حقیقی سوپر ہیرو کا رول ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے تحریر کیا ہے کہ وہ ایک عوامی منتخب نمائندہ ہیں ۔ ان سے جو کچھ ہوسکتا ہے وہ کررہے ہیں ۔ وہ سوپر ہیرو نہیں بلکہ آپ سوپر فلم اسٹار سونوسود کو کہہ سکتے ہیں جو دن رات عوام کی خدمات میں مصروف ہیں ۔ کے ٹی آر کے اس ردعمل پر فلم اداکار سونوسود نے ایک ٹویٹ کیا اور ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ عوام کے لیے بہت کچھ کرنے والے آپ ہی حقیقی ہیرو ہیں ۔ آپ کی قیادت میں ریاست تلنگانہ تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہے ۔ میں ریاست تلنگانہ کو اپنا دوسرا گھر تصور کررہا ہوں ۔ گذشتہ چند برسوں سے تلنگانہ کے عوام مجھ پر محبت نچھاور کررہے ہیں ۔ اس ٹویٹ پر کے ٹی آر نے سونوسود سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو کام کررہے ہیں وہ کافی بڑا ہے ۔ کروڑہا عوام کے لیے آپ مثال بن رہے ہیں ۔۔