نئی دہلی۔5؍جولائی (ایجنسیز ) ٹیلر کنہیا لال کے قتل پر بنائی گئی فلم’ادے پور فائلز‘ کا ٹریلر منظر عام پر آتے ہی اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ فلم کے ٹریلر میں نوپور شرما کا وہ متنازعہ بیان بھی شامل ہے جس کی وجہ سے نہ صرف ملک بھر میں فرقہ وارانہ ماحول خراب ہوا تھا بلکہ عالمی سطح پر ملک کی شبیہ خراب ہوئی تھی اور دیگر ممالک کے ساتھ ہمارے دوستانہ تعلقات پر بھی منفی اثر پڑا تھا۔ فلم کے ٹریلر میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے ازواج مطہرات کیخلاف نازیبا تبصرہ کیا گیا ہے جس سے ملک کا امن و امان خراب ہوسکتا ہے۔ اس فلم میں دیوبند کو انتہاپسندی کا اڈہ بتایا گیا ہے اور وہاں کے علماء کے خلاف بدترین زہر افشانی کی گئی ہے۔ یہ فلم کلی طور پر ایک مذہبی طبقے کو بدنام کرتی ہے، جس سے نفرت کو فروغ، شہریوں کے درمیان احترام اور سماجی ہم آہنگی کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتاہے۔سینسر بورڈ سے سند جاری کرنے کے بعد اس فلم کی ریلیز 11 جولائی جمعہ کو ہونے جارہی ہے۔ فلم کی ریلیز پر پابندی لگانے کیلئے صدر جمعتہ علماء ہند مولانا ارشد مدنی نے دہلی سمیت مہاراشٹرا اور گجرات ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔