فلم اسٹار اجئے دیوگن نے گرین انڈیا چیلنج میں حصہ لیا

   

Ferty9 Clinic


راموجی فلم سٹی میں شجرکاری، رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کی ستائش
حیدرآباد: بالی ووڈ کے نامور اداکاراجئے دیوگن نے گرین انڈیا چیلنج شجرکاری مہم کے تحت راموجی فلم سٹی میں 7 پودے لگائے اور ماحولیات کے تحفظ سے متعلق اس مہم کی ستائش کی ۔ رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار کی جانب سے شروع کی گئی گرین انڈیا چیلنج مہم کو سماج کے ہر طبقہ کی تائید حاصل ہوئی ہے۔ قومی سطح پر سیاسی ، سماجی اور فلمی شخصیتوں نے اس مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودے لگائے۔ نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو اور پارلیمنٹ کے اسپیکر اوم برلا بھی اس مہم میں حصہ لے چکے ہیں۔ گزشتہ دنوں فلم اسٹار سنی دیول نے حیدرآباد میں شجرکاری انجام دی تھی۔ گرین انڈیا چیلنج کی منفرد تحریک کو این وائی فاونڈیشن نے لازمی حصہ کے طور پر شامل کیا ہے ۔ اجئے دیوگن نے راموجی فلم سٹی میں شجرکاری کے بعد اس مہم کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت کئی اہم اور نامور شخصیتیں ایک ساتھ ماحولیات کے تحفظ میں اپنا رول ادا کر رہے ہیں۔ اجئے دیوگن نے کہا کہ گرین انڈیا چیلنج مہم نے ملک بھر میں غیر معمولی شہرت حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنے این وائی فاونڈیشن پروگرام میں اسے لازمی طور پر شامل کر رہے ہیں۔ اجئے دیوگن نے یہ فاؤنڈیشن قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مہم سے متاثر ہوئے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اسے مزید توسیع حاصل ہوگی ۔ اجئے دیوگن نے رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کی ستائش کی جو اس مہم کے روح رواں ہیں۔ اس پروگرام میں کروناکر ریڈی ، سنجیو راگھو ، بی مناگی اور دوسروں نے حصہ لیا۔