فلم اسٹار اَلو ارجن بھی ٹریفک چالان سے بچ نہیں سکے

   

حیدرآباد۔/27 مارچ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑیوں پر مختلف اسٹیکرس اور سیاہ گلاسیس کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم شروع کی گئی ہے۔ اس مہم کے تحت مجلس بلدیہ کے کارپوریٹرس اور مشہور فلمی ستارے بھی پولیس چالان کی زد سے بچ نہیں سکے۔ جوبلی ہلز کے علاقہ میں پولیس نے کاروں پر سیاہ گلاسیس کے خلاف مہم کے دوران ایک کار کو روکا جس پر پتہ چلا کہ یہ مشہور فلم اسٹار اَلو ارجن کی ہے۔ روڈ نمبر 36 پر تلاشی مہم کے دوران اس کار کو روک کر گلاسیس پر موجود سیاہ فلم کو نکال کر 700 روپئے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی سڑک پر ایک اور فلم اسٹار کلیان رام کی کار بھی پولیس کی زد میں آئی اور اس کار کو بھی جرمانہ عائد کیا گیا۔کلیان رام کی نمبر پلیٹ پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا۔ ٹریفک جوائنٹ پولیس کمشنر نے کہا کہ قواعد کی خلاف ورزی پر کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔ ابھی تک ٹریفک پولیس نے 16937 کیسس درج کئے جن میں نمبرپلیٹ سے متعلق 9387 اور تیز رفتار ڈرائیونگ پر 3270 اور سیاہ گلاسیس پر 4280 چالانات کئے گئے۔ واضح رہے کہ عام طور پر اہم شخصیتیں اپنی کار کے گلاسیس پر سیاہ فلم لگالیتے ہیں تاکہ وہ عوام کی نظروں سے بچ سکیں۔ ر