حیدرآباد 5 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے فلم اسٹار سدھارتھ کے خلاف 2022ء میں سائبر کرائم پولیس کی جانب سے درج مقدمہ کو کالعدم کردیا ہے۔ جسٹس جے سری دیوی نے فلم ایکٹر سدھارتھ کو ایک خاتون اولمپئن سے متعلق توہین آمیز ریمارکس کے معاملہ میں بے قصور قرار دیا۔ عدالت نے کہاکہ فلم اسٹار نے کھلی معذرت خواہی کرلی اور اپنے ریمارکس کے بارے میں وضاحت کی۔ خاتون بیڈمنٹن اسٹار نے معافی کو قبول کرتے ہوئے اِس معاملہ کو ختم کردیا تھا۔ سائبر کرائم پولیس نے 2022ء میں مقدمہ درج کرتے ہوئے نامپلی کریمنل کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ جسٹس سری دیوی نے پولیس کے رویہ پر ناراضگی جتائی اور کہاکہ تحقیقات کے عمل میں نقائص ہیں اور پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے قبل خاتون اولمپئن کا بیان ریکارڈ نہیں کیا۔ تیسرے فریق کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ جسٹس سری دیوی نے سدھارتھ کو بے قصور قرار دیتے ہوئے مقدمہ کو کالعدم کردیا۔1