فلم اسٹار سونو سود نیلور ہاسپٹل میں آکسیجن پلانٹ قائم کریں گے

   

ضلع کے تمام دواخانوں کی ضرورت کی تکمیل، ضلع کلکٹر کی توجہ دہانی پر دیڑھ کروڑ کی منظوری
حیدرآباد۔ ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی مدد کے ذریعہ عوام کے دلوں میں جگہ بنانے والے فلم اسٹار سونو سود نے آندھرا پردیش حکومت سے تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے نیلور ضلع کے انتہائی پسماندہ آتما کور ٹاون کے ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں لکویڈ میڈیکل آکسیجن پلانٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع کلکٹر نیلور کے وی این چکردھر بابو نے سونوسود کو تفصیلی مکتوب روانہ کرتے ہوئے آتما کور میں کورونا مریضوں کی ابتر صورتحال سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ نیلور ضلع کورونا سے بری طرح متاثر ہے اور کورونا کیسس کی پازیٹیو شرح 37 فیصد ہوچکی ہے۔ سونوسود کو آکسیجن پلانٹ کے قیام کی درخواست کی گئی جس پر انہوں نے پلانٹ کیلئے 1.5 کروڑ فراہم کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع کلکٹر کے فلم اسٹار سے دوستانہ مراسم ہیں اور انہوں نے ضلع میں روزانہ 40 میٹرک ٹن آکسیجن کی ضرورت سے واقف کرایا جس کے ذریعہ 36 کوویڈ کیر ہاسپٹلس اور 24 خانگی ہاسپٹلس کی ضرورتوں کی تکمیل کی جاسکے گی۔ ضلع میں بستروںکی تعداد 2848 ہے جن میں 1525 آکسیجن سے مربوط بستر ہیں جبکہ 310 آئی سی یو بیڈ ہیں۔ کلکٹر نے بتایا کہ ضلع کو سری پیرمبدور سے 9 میٹرک ٹن، چینائی سے 20 میٹرک ٹن اور آر آئی این ایل وشاکھاپٹنم سے 16 میٹرک ٹن آکسیجن ایک دن کے وقفہ سے حاصل ہورہی ہے۔ موجودہ سربراہی کورونا کے مریضوں اور ضلع کی طلب کے اعتبار سے ناکافی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا کہ ملک کیلئے آپ کی خدمات سے ضلع کی عوام کافی متاثر ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ضلع میں آکسیجن کی قلت دور کرنے کیلئے آپ مساعی کریں۔ سونوسود نے 1.5 میٹرک ٹن کے پلانٹ کیلئے تعاون کا پیشکش کیا۔ وزیر بھاری مصنوعات گوتم ریڈی نے خیرسگالی اور تعاون پر سونو سود سے اظہار تشکر کیا۔