فلم اسٹوڈیو کیلئے اراضی الاٹمنٹ پر سوال

   

کروڑوں کی اراضی معمولی قیمت میں فروخت، عدالت کی وضاحت طلبی
حیدرآباد : تلنگانہ ہائی کورٹ نے فلم پروڈیوسر این شنکر کو رنگا ریڈی میں کروڑہا روپئے مالیتی 5 ایکر اراضی محض 5 لاکھ فی ایکر کے حساب سے الاٹ کرنے پر سوال اٹھایا ہے۔ عدالت نے پوچھا کہ کس بنیاد پر کم قیمت میں اراضی الاٹ کی گئی۔ گزشتہ سال حیدرآباد میں فلم اسٹوڈیو کی تعمیر کیلئے اراضی الاٹ کرنے کی درخواست حکومت سے کی گئی تھی جس پر پانچ لاکھ فی ایکر کے حساب سے 5 ایکر اراضی الاٹ کی گئی ۔ 25 لاکھ روپئے میں کروڑہا روپئے مالیتی اراضی کے الاٹمنٹ کے خلاف مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی جس کی آج سماعت ہوئی ۔ عدالت نے کہا کہ 2.5 کروڑ کی اراضی کو کس بنیاد پر پانچ لاکھ میں منظور کیا گیا۔ عدالت نے کہا کہ کابینہ کے فیصلے کی وجوہات ہونی چاہئے ۔ اراضی الاٹمنٹ طریقہ کار کے مطابق ہونا چاہئے ۔ اس میں حکومت سے وضاحت طلب کی گئی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایڈوکیٹ جنرل ہوم کورنٹائن میں ہے ، لہذا جواب داخل کرنے وقت دیا جائے ۔ عدالت نے 27 اگست کو آئندہ سماعت مقرر کی ۔ جئے شنکر نے ہائی کورٹ میں بتایا کہ وہ الاٹ کردہ اراضی پر 50 کروڑ روپئے سے اسٹوڈیو تعمیر کریں گے اور 300 افراد کو روزگار حاصل ہوگا۔