فلم ’ ایمرجنسی‘ کے ذریعہ اندرا گاندھی کے امیج کو متاثر کرنے کی سازش

   

تاریخ کو مسخ کرنے کا بی جے پی پر الزام، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/19 نومبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے فلم’ایمرجنسی‘ پر سخت تنقید کی اور کہا کہ تاریخ کو مسخ کرتے ہوئے یہ فلم تیار کی گئی تاکہ آنجہانی اندرا گاندھی کے امیج کو متاثر کیا جائے۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے فلم ’ ایمرجنسی‘ میں اہم رول ادا کرنے والی کنگنا راناوت پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ وہ کانگریس اور قومی قائدین کے بارے میں گمراہ کن بیانات دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال جنوری میں ’ ایمرجنسی‘ فلم ریلیز کی جائے گی اور اس فلم کے ذریعہ بی جے پی چاہتی ہے کہ کانگریس قائدین بالخصوص آنجہانی اندرا گاندھی کے امیج کو متاثر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کنگنا راناوت تاریخ سے واقف نہیں ہیں۔ آنجہانی اندرا گاندھی کو ایمرجنسی کیلئے ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بی جے پی سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی برسراقتدار آنے کے بعد سے ملک کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کارروائی شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی قائدین کے کارناموں سے بی جے پی نئی نسل کو واقف کرانے کے بجائے نصاب میں تبدیلی کی سازش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی نے ملک کے اتحاد اور سالمیت کیلئے اپنی جان قربان کی۔ سماجی مساوات کیلئے اندرا گاندھی نے 20 نکاتی پروگرام پیش کیا تھا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ اندرا گاندھی کی مساعی کو آگے بڑھاتے ہوئے راہول گاندھی نے ہندوستان میں سماجی مساوات کی تحریک شروع کی ہے۔ ملک بھر میں ذات پات پر مبنی مردم شماری اسی تحریک کا حصہ ہے۔ تلنگانہ میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کا کام کامیابی کے ساتھ جاری ہے جس کا مقصد آبادی کے اعتبار سے کمزور طبقات کو فلاحی اسکیمات میں حصہ داری فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں تلنگانہ حکومت نے ملک میں مثال قائم کی ہے۔ آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت کیلئے ہر ماہ حکومت 400 کروڑ روپئے ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو بلاسودی قرض فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔1