فلم ایکٹر، پروڈیوسر و ڈائرکٹر منوج کمار کا دیہانت

   

ممبئی : فلم اداکار ، پروڈیوسر اور ڈائرکٹر منوج کمار کا 87سال میں ضعیف العمری کی وجہ سے دیہانت ہوگیا ۔ اُن کا مزاج گزشتہ کچھ دنوں سے بیحد خراب تھا جس کے بعد انہیں ممبئی کے کوکیلا بین دھیرو بھائی امبانی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا ، جہاں انہوں نے دوران علاج آخری سانس لی ۔ اُن کا اصلی نام ہری کرشن گوسوامی تھا ۔ آنجہانی اداکار دلیپ کمار کے زبردست مداح تھے ۔ اُن کی خواہش تھی کہ وہ دلیپ کمار کے ساتھ کام کریں ۔ وہ خواہش 1968 میں ان کی فلم ’ آدمی ‘ سے پوری ہوگئی ۔ آگے چل کر انہوں نے 1981 میں اپنی فلم کرانتی میں دلیپ کمار کو ڈائرکٹ بھی کیا ۔ ملک کے سابق وزیراعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کے نعرہ ’ جئے جوان جئے کسان ‘ پر مبنی انہوں نے ’ اُپکار ‘ نامی فلم بنائی جو بیحد کامیاب ہوئی ۔ اس کے بعد انہوں نے حب الوطنی بے شمار فلمیں بنائیں جہاں ان کے کیریکٹر کا نام اکثر ’ بھارت ‘ ہوا کرتا تھا ۔ اُن کی مشہور فلموں میں وہ کون تھی ، انیتا ، ساجن ، اپکار ، پورب اور پجھپم، گمنام ، نقلی نواب ، نیل کمل ، آدمی ، پتھر کے صنم ، کرانتی ، دوبدن اور روٹی کپڑا اور مکان قابل ذکر ہیں ۔