ممبئی: دیوا الا رے… شاہد کپور کی سب سے زیادہ منتظر فلم دیوا کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔ کافی عرصے بعد شاہد بڑے پردے پر زبردست ایکشن کے ساتھ نظر آنے والے ہیں۔ زی اسٹوڈیوز اور رائے کپور پروڈکشن کی اس فلم کا ناظرین کافی عرصے سے انتظار کررہے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل فلم کا پوسٹر سامنے آیا تھا، جس میں شاہد کافی پرجوش نظرآرہے تھے۔ فلم دیوا کے بنانے والوں نے اس کا ٹیزر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔ شاہد کے مداحوں کا جوش و خروش بڑھتا دکھائی دے رہا ہے، دیواکا ٹیزر52 سیکنڈز کا ہے جسے لوگوں نے بے حد پسند کیا ہے۔ اس کی شروعات شاہد کپور کی شاندار چالوں سے ہوتی ہے۔ وہ اس فلم میں پولیس عہدیدار کے کردار میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم31 جنوری کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ اس فلم میں شاہدکپور کے ساتھ پوجا ہیگڑے مرکزی کردار میں ہیں۔ اس فلم کے ٹیزرکو شیئر کرتے ہوئے میکرز نے کیپشن میں لکھا کہ ڈی یہاں ہے، مچنا چالو۔ شاہد کے لْک کی بات کریں تو وہ ‘دیوا’ میں کافی شدید اوتار میں نظر آ رہے ہیں، اور اس کے ٹیزر سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اس آنے والی فلم میں کافی ایکشن نظر آئے گا۔ اس ٹیزر میں شاہد زبردست اسٹنٹ، فائٹ سین اور ایکشن سیکونس کرتے نظرآرہے ہیں۔ ٹیزر کے آخر میں دیوار پر بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن کی پینٹنگ دکھائی گئی ہے جس کے سامنے شاہد بندوق کے ساتھ نظرآرہے ہیں۔ ملیالم ہدایت کار روشن اینڈریوز اس فلم کو ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔ وہ اس فلم کے ذریعے بالی ووڈ میں ہدایت کارکے طور پر ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں۔ دیوا کے ٹیزر پر لوگوں نے اپنے جوش کا اظہار کرتے ہوئے تبصرے کیے ہیں۔