فلم وار2 کی الٹی گنتی کے ساتھ نئے پوسٹرس جاری

   

ممبئی، 26 جون (آئی اے این ایس) فلم ’’وار 2‘‘ کے ہدایت کاروں نے جمعرات کو فلم کے مرکزی اداکاروں ریتک روشن اور جونیئر این ٹی آر کے نئے پوسٹر جاری کیے، جن میں دونوں فنکار انتہائی بے رحم، بے خوف اور پرعزم نظرآرہے ہیں۔ریتک روشن نے سوشل میڈیا پر اپنا نیا پوسٹر شیئرکیا، جس میں وہ ایک ہتھیارکے ساتھ دشمن پر حملہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کے چہرے اور پیشانی پر زخم کے نشانات صاف دکھائی دے رہے ہیں، جو ایک خونریز لڑائی کی عکاسی کرتے ہیں۔ ریتک نے اپنے پیغام میں لکھا:اس بار وہ انتہائی بے رحم، سخت دل، ثابت قدم ہے اور جنگ کے لیے تیار ہے! کیا آپ تیار ہیں؟ الٹی گنتی شروع۔این ٹی آر نے بھی اپنا پوسٹر جاری کیا جس میں وہ سنجیدہ اور خطرناک انداز میں بندوق تھامے دشمن پرگولیاں چلاتے دکھائی دے رہے ہیں۔این ٹی آر نے لکھاایسی جنگ آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی! آئیے الٹی گنتی شروع کریں… فلم 14 اگست کو دنیا بھر کے سینماؤں میں تلگو، ہندی اور تمل زبانوں میں پیش کی جائے گی۔’’وار 2‘‘، یش راج فلمزکے مشہور جاسوسی سلسلے کا نیا اور دھماکہ خیز باب ہے، جس میں پہلے ’’پٹھان‘‘، ’’ٹائیگر 3‘‘ اور پہلی’’وار‘‘ جیسی سوپرہٹ فلمیں شامل رہی ہیں۔ فلم کی ہدایتکاری معروف فلم ساز آیان مکھرجی نے کی ہے اور اسے بڑی اسکرین پر خصوصی انداز میں پیش کیا جائے گا۔آیان مکھرجی نے حالیہ بیان میں کہا کہ ’’وار 2‘‘ کی ہدایتکاری ان کے لیے ایک بڑا موقع تھا تاکہ وہ پہلی فلم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی تخلیقی چھاپ چھوڑ سکیں۔انہوں نے کہا اتنی مقبول سلسلے کو آگے بڑھانا ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ میں نے کہانی پر خاص توجہ دی تاکہ ریتک روشن اور این ٹی آر کے درمیان ایک زبردست مقابلہ دکھایا جا سکے۔فلم 14 اگست کو عالمی سطح پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جس کا ہندوستانی عوام بے صبری سے انتظار کررہے ہیں ۔