فلم ’ پشپا 2‘ کی حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی پر برہمی

   

حکومت سے سخت موقف اختیار کرنے ڈاکٹر نارائنا کا مطالبہ
حیدرآباد۔/22ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے ’ پشپا 2 ‘ فلم کی حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فلم سے سماج کی بھلائی کا کوئی تعلق نہیں ہے باوجود حکومت کی جانب سے رعایتیں اور حوصلہ افزائی مناسب نہیں۔ انہوںنے فلم کے بینفٹ شو کے موقع پر سندھیا تھیٹر میں پیش آئے واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ میں ایک خاتون کی موت اور اس کے فرزند کا زخمی ہونا انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی کیا اورکمسن لڑکے سری تیجا کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہاکہ حکومت نے ٹکٹ کی قیمت 3 ہزار کرنے کی اجازت دی لیکن ٹکٹ 6 ہزار روپئے میں فروخت کیا گیا۔ یہ فلم صندل کی لکڑی کے اسمگلر سے متعلق ہے اور تشدد کے واقعات سے بھرپور ہے جس میں کئی قابل اعتراض حصے موجود ہیں جو سماج کیلئے نقصاندہ ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ فلم سے سماج کو کیا فائدہ ہوگا۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ تھیٹر واقعہ کے سلسلہ میں حکومت کو سخت موقف اختیار کرنا چاہیئے۔ 1