فلم RRR ٹیم نے گرین انڈیا چیلنج مہم میں حصہ لیا

   

جونیر این ٹی آر اور رام چرن نے پودا لگایا

حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) مشہور تلگو فلم RRR کی ٹیم نے آج گرین انڈیا چیلنج کے تحت شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ ایس ایس راج مولی، جونیر این ٹی آر اور رام چرن نے کہا کہ شجر کاری کا فروغ ان کی پسندیدہ مہم ہے اور وہ ہمیشہ اس مہم کو اپنے دل کے قریب سمجھتے ہیں۔ گرین انڈیا تحریک کے روح رواں رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار نےRRR ٹیم کو گرین چیلنج مہم میں حصہ لینے پر مبارکباد پیش کی۔ یہ فلم ملک بھر میں 25 مارچ کو ریلیز ہورہی ہے۔ فلم کی ٹیم ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے فلم کے پرموشن کی مہم میں مصروف ہے۔ ڈائرکٹر ایس ایس راج مولی اور نوجوان ہیرو جونیر این ٹی آر اور رام چرن نے گچی باؤلی میں شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ راج مولی نے کہا کہ ماحولیات اور قدرتی مناظر ان کی پسندیدہ سرگرمیاں ہیں اور جہاں بھی موقع ملے وہ شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے باہوبلی ٹیم کے ساتھ بھی اس مہم میں حصہ لیا تھا۔ جونیر این ٹی آر نے کہا کہ ہر کسی کو ماحولیات کے تحفظ پر توجہ دینی چاہیئے جس کے لئے شجرکاری واحد حل ہے۔ ہیرو رام چرن نے کہا کہ وہ اس مہم میں حصہ لینے پر مطمئن ہیں۔ RRR ٹیم نے سنتوش کمار کو اس منفرد مہم کیلئے مبارکباد پیش کی۔ سنتوش کمار نے کہا کہ فلموں کے ذریعہ عوام کو بہتر طور پر پیام دیا جاسکتا ہے اور فلمی شخصیتوں کی جانب سے شجرکاری مہم میں حصہ لینا اچھی شروعات ہے۔ گرین انڈیا چیلنج کے کو فاؤنڈرس کوروناکر ریڈی اور راگھو اس موقع پر موجود تھے۔ر