فلوریڈا کے تالاب میں شگاف پڑجانے سے سیلاب

   

Ferty9 Clinic

ریاست میں ہنگامی حالات نافذ، ہزاروں افراد کا تخلیہ ،سڑکیں زیر آب

میامی( امریکہ) : امریکی ریاست فلوریڈا کے گورنر ران ڈیسانٹس نے اعلان کیا کہ پوری ریاست میں ہفتہ کے دن سے ہنگامی حالات نافذ کئے جاچکے ہیں کیونکہ گندے پانی کے سب سے بڑے ذخیرہ والے تالاب میں شگاف پیدا ہوجانے کی وجہ سے سڑکوں کے زیرآب آنے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے اور خدشہ ہے کہ 500سے زیادہ مکانوں میں آلودہ پانی داخل ہوجائے گا ۔ ان تمام مکانوں میں مقیم ہزاروں افراد کا تخلیہ کروا دیا گیا ہے ۔ ہفتہ کے دن فلوریڈا جانے والی تمام شاہراہیں ویران نظر آئیں کیونکہ وہ آلودہ پانی کے سب سے بڑے تالاب ٹمپابے علاقہ میں واقع ہیں ۔ مقامی شہری اور اطراف و اکناف کے علاقے پنی پوائنٹ میں ساکن افراد کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔جب کہ مضافات میں واقع کمزور عمارتوں کو منہدم کردیا گیاہے ۔ فلوریڈا کے محکمہ تحفظ ماحولیات کے بموجب جمعہ کے دن آلودہ پانی کے تالاب میں شگاف پیدا ہوجانے کی اطلاع ملی تھی اور 77ایکڑ رقبہ کی دیواروں میں شگاف پیدا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے سڑکوں پر جمع ہوجانے والے لاکھوں گیلن پانی کی وجہ سے سطح آب 25فیٹ (8میٹر) سے زیادہ ہوچکی تھی ۔ عہدیداروں کے بموجب پتھروں اور دیگر تعمیراتی اشیاء سے اس شگاف کو پُر کرنے کی کوششیں ہفتہ کے دن سے ہی شروع کردی گئیں تاہم تاحال ان میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی ۔ مناٹی کاؤنٹی کے منتظم اسکاٹ ہوپس نے کہا کہ ہفتہ کے دن جاری پریس کانفرنس اس صورتحال کے پیش نظر منسوخ کردی گئی ۔ 600ملین گیلن ( 2.3ارب لیٹر ) پانی کا چند سیکنڈ کے اندر اخراج ہوگیا جس کی وجہ اس علاقہ میں سیلاب آگیا ۔