فلوریڈا کے گورنر کا صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

   

ٹلہاسی : امریکی ریاست فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سانٹیس اگلے سال صدارتی انتخابات میں ری پبلکن امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔ اب پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے انکا مقابلہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت کئی دیگر خواہشمندوں سے ہوگا۔44سالہ ڈی سانٹیس نے صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کیا تاہم ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک سے آن لائن بات چیت کیدوران انکا رابطہ کئی بار منقطع ہوا جس سے لوگوں کے لیے یہ سمجھنا ناممکن ہوگیا کہ صدارتی امیدوار بننے کے نئے خواہش مند کہنا کیا چاہتے ہیں۔سانٹیس نے کہا کہ امریکا کی تنزلی لازم و ملزوم نہیں بلکہ یہ امریکیوں کے ہاتھوں میں ہے، عوام کو ایک نئی سمت اور نئے راستے کا انتخاب کرنا ہوگا تاکہ امریکہ میں نئی روح پھونکی جاسکے۔ڈی سانٹیس فلوریڈا کے دوسری بار گورنر بنے ہیں اور انکی پالیسیاں انتہائی دائیں بازو کی رہی ہیں، ڈی سانٹیس کو ڈونلڈ ٹرمپ کا جوان ورژن تصور کیا جاتا ہے۔ڈی سانٹیس نے گورنر کے عہدے سے استعفی دیے بغیر صدارتی انتخابات لڑنے کے لیے ریاست کے قانون میں تبدیلی بھی کی ہے۔پارٹی ٹکٹ کے لیے ڈی سانٹیس کامقابلہ اب ڈونلڈ ٹرمپ، نکی ہیلی، ٹم اسکاٹ، ویوک راماسوامی اور آرکنساس کے گورنر ایسا سے ہوگا۔ان تمام میں سے جو امیدوار جیتا وہ اگلے سال نومبر میں دوبارہ صدارت کے امیدوار جوبائیڈن کے مقابل آئے گا۔