منیلا ۔27 جولائی۔(سیاست ڈاٹ کام) فلپائن کے شمالی جزیرے اتبایات میں کچھ گھنٹوں کے وقفے پر جمعہ دیر رات اور ہفتہ کی صبح آئے تین زلزلوں میں آٹھ افراد کی موت ہو گئی۔اس سے پہلے میڈیا نے بتایا تھا کہ زلزلے کی وجہ سے پانچ افراد کی موت ہوگئی اور 12 دیگر زخمی ہوئے ہیں ۔ امریکی جیولوجی سروے نے بتایا کہ اتبایات جزیرے کے مشرق میں بین الاقوامی وقت کے مطابق جمعہ کی رات 20:16 بجے زلزلے کا پہلا جھٹکا محسوس کیا گیا ۔ اس کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.4 تھی ۔اس کے کچھ ہی گھنٹے بعد رات 23:37 بجے دوسرا جھٹکا محسوس کیا گیا جس کی شدت 5.9 تھی ۔ تیسرا جھٹکا 01:24 بجے 5.7 شدت کا آیا۔ فلپائن انسٹی ٹیوٹ آف سیسمو لوجی نے بتایا کہ دوسرا زلزلے کا مرکز اتبایات سے 19 کلومیٹر شمال مغرب میں 43کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا ۔
