فلپائن :طوفان کی وجہ سے 47کی موت 9افراد اب بھی لاپتہ

   

منیلا، 30 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) فلپائن میں ‘فن فون’طوفان کی وجہ سے مرنے والوں کی سرکاری تعدادبڑھ کر اب 47 ہو گئی اور اس میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ نو افراد اب بھی لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔حکومت نے پیر کو بیان جاری کرکے کہا کہ قومی ڈیزاسٹر رسک اور مینجمنٹ کونسل کی اطلاعات کے مطابق طوفان کی وجہ سے مشرق فلپائن کے چار علاقے اور جنوبی فلپائن میں منڈاناؤ جزیرے کے شمال مشرقی حصہ میں لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ڈیزاسٹر ایجنسی کے مطابق ائلوائلو میں 16، کاپیج میں پانچ، الکان میں پانچ، سیبو میں ایک، جنوبی لئیٹے میں ایک اور لئیٹے میں پانچ افراد کی موت ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ بلران میں ایک، مشرقی سمر میں پانچ، سمر میں ایک، اورینٹل منڈورو میں 5 اور مغربی منڈورو صوبہ میں دو افراد کی موت ہوئی ہے ۔پولیس اور حکام نے کہا کہ ان میں سے زیادہ تر لوگوں کی موت ڈوبنے ، درخت گرنے اور بجلی کی زد میں آنے کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ڈیزاسٹر ایجنسی کے مطابق طوفان کی وجہ سے ایک ارب پیسو (تقریبا 190.70 ملین ڈالر) کے نقصانات ہوئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ فلپائن میں گزشتہ منگل کو فن فون طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔