منیلا ۔29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک طاقتور زلزلہ نے جنوبی فلپائن کے کچھ علاقوں کو دہلا دیا اور بعض عمارتوں کے گرنے سے 6 افراد ملبہ میں دب کر ہلاک ہوگئے۔ 6.6 شدت کے زلزلہ کا جھٹکا اتنا شدید تھا کہ کئی عمارتوں میں شگاف پڑ گئے اور کئی افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ یہاں کے لوگ ابھی ابھی گذشتہ زلزلہ کے خوف سے سنبھلنے بھی نہیں پائے تھے کہ یہ دوسرا زلزلہ آ گیا۔ منڈاناؤ نامی علاقہ میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ اپنے مکانات سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے۔ زلزلے کے جھٹکے ایک منٹ تک متواتر محسوس ہوتے رہے جہاں دیگر عمارتوں کے علاوہ اسکولی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں آئے زلزلے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ فلپائن چونکہ پیسیفک کے رنگ آف فائر میں جغرافیائی طور پر واقع ہے لہٰذا یہاں زلزلہ کے جھٹکے اکثر محسوس کئے جاتے ہیں۔