منیلا : فلپائن کی ایک جھیل میں ایک حادثہ میں 27 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ فلپائن کی کوسٹ گارڈ کے سربراہ نے کہا ہے کہ جہاز کے کپتان نے یہ جانتے ہوئے بھی کہ اس میں گنجائش سے زیادہ لوگ سوار ہیں ، اسے چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ عہدے دارو ں نے کہا ہے کہ جہاز کے 43 مسافروں کو بچا لیا گیا ، جو منیلا کے جنوب مشرقی قصبے بینانگونن سے جمعرات کو روانہ ہونے کے تھوڑی ہی دیر بعد Laguna de Bay میں ڈوب گیا تھا۔ کوسٹ گارڈ ، پولیس اور دوسرے سرکاری اہل کاروں نے جمعہ کوتلاش جاری رکھی لیکن انہیں ا س بارے میں کچھ علم نہیں ہو سکا ہے کہ آیا کوئی ابھی تک لاپتہ ہے کیوں کہ کشتی کے مسافروں کی تعداد کا واضح طور پر کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ کوسٹ گارڈ کے سر براہ ،ایڈ مرل آرٹیمیو ابو نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ دو کوسٹ گارڈ انسپکٹروں نے فیری کو اس کے بعد چلنے کی اجازت دی تھی جب انہیں وہ دستاویز دکھائی گئی جس کے مطابق فیری میں تین رکنی عملہ کے علاوہ 22 مسافر سوار تھے۔ کوسٹ گارڈ کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ان دونوں انسپکٹروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کے خلاف تحقیقاتی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کپتان اور عملہ کے دو دوسرے ارکان اور فیری کیمالک کو فوجداری شکایات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
