نئی دہلی 31 جولائی (یو این آئی) فلپائن کے صدر فرڈینینڈ آر- مارکوس جونیئر اگلے ماہ کی 4 تاریخ کو ہندوستان کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر یہاں پہنچیں گے ۔ یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر کیا جا رہا ہے اور ان کے ساتھ خاتون اول میڈم لوئیس آرنیٹا مارکوس اور ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا جس میں کئی کابینی وزراء، دیگر معززین، سینئر حکام اور کاروباری نمائندے شامل ہوں گے ۔ صدر مارکوس 8 اگست کو فلپائن واپس جانے سے پہلے بنگلور بھی جائیں گے ۔ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد مسٹر مارکوس کا ہندوستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ وزیر اعظم اور صدر مارکوس 5 اگست کو دو طرفہ بات چیت کریں گے ۔ مسٹر مارکوس صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کریں گے ۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر صدر مارکوس سے بھی ملاقات کریں گے ۔ ہندوستان اور فلپائن کے درمیان سفارتی تعلقات نومبر 1949 میں قائم ہوئے تھے ۔