کمشنر جی ایچ ایم سی امرپالی کی ہدایت۔ چارمینار زون کا دورہ
حیدرآباد 5 ستمبر ( سیاست نیوز ) کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد امرپالی کٹا نے عہدیداروںک و ہدایت دی کہ وہ فلک نما روڈ اوور برج کے کاموں کو جلد مکمل کریں۔ آج کمشنر بلدیہ نے چارمینار زون کا دورہ کیا اور مجوزہ ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے بنڈلہ گوڑہ فلائی اوور جنکشن کے کام ‘ بنڈلہ گوڑہ تا یرہ کنٹہ سڑک کی توسیع کے کاموں ‘ تلسی نگر تا غوث نگر کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ٹریبونل سے ٹیپو خان مسجد ‘ انجمن باؤلی ‘ بابا نگر تا بھوانی نگر سڑک کی توسیع کے کاموں کے علاوہ شیخ فیض کمان تا دبیر پورہ فلائی اوور سڑک کی توسیع کے کاموں کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوں نے کئی ہدایات جاری کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں سے کہا کہ وہ فلک نما روڈ اوور برج کے تعمیراتی کاموں کو تیزی سے مکمل کریں۔ کمشنر بلدیہ نے ٹاؤن پلاننگ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ان کاموں کیلئے درکار حصول اراضیات کے کاموں کو مکمل کریں۔ پراجیکٹ سی ای دیوانند ‘ ایس ای ڈی پنتھو ‘ چارمینار زون سٹی پلانر ماجد کے علاوہ ٹاؤن پلاننگ کے عہدیدار اور دوسرے بھی اس موقع پر موجود تھے۔