فلک نما ریل اوور برج سے متوازی برج کے تعمیری کاموں کا فوری آغاز ضروری

   

برج پر ٹریفک جام روز کا معمول ، حکومت سے متوازی برج کی منظوری ، کام کے آغاز میں پہلوتہی
حیدرآباد۔5نومبر(سیاست نیوز) فلک نما ریل اوور برج سے متوازی برج کی تعمیر کے کاموں کا فوری طور پر آغاز کیا جانا ضروری ہے کیونکہ نئے برج کی تعمیر کے بعد برج کی چوڑائی میں ہونے والی کمی کے سبب برج پر ٹریفک جام روز کا معمول بن چکا ہے لیکن نئے متوازی برج کی تعمیر کے کاموں کو شروع نہیں کیا گیا ہے جو کہ عوام کیلئے تکلیف دہ ثابت ہورہا ہے۔ 2018میں فلک نما برج سے متوازی برج کی تعمیر کو منظوری دی گئی تھی اور مقامی منتخبہ نمائندوں کی جانب سے جلد ہی اس برج کی تعمیر کے کاموں کے آغاز کا اعلان کیا گیا تھا لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر اس برج کے تعمیری کاموں کا آغاز ممکن نہیں ہوسکا اور اسی دوران قدیم برج میں سوراخ اور شگاف کے سبب فوری طور پر قدیم برج کو منہدم کرتے ہوئے اس کی جگہ نیا برج تعمیر کردیا گیا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںکے مطابق سال 2018 میں ریاستی حکومت کی جانب سے فلک نما برج سے متوازی برج کی تعمیر کے سلسلہ میں 47کروڑ روپئے کی منظوری دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور محکمہ ریلوے کو ریاستی حکومت کے اس فیصلہ سے واقف کروایا جاچکا تھا ۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے جلد ہی اس نئے برج کے تعمیری کاموں کا اعلان کیا گیا تھا لیکن لاک ڈاؤن کے علاوہ دیگر وجوہات کی بناء پر ان کاموں کا آغاز نہیں ہوپایا ہے۔ منتخبہ عوامی نمائندوں کا کہناہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے منظور کردہ اس پراجکٹ کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ توجہ دہانی کروائی جاچکی ہے اور محکمہ ریلوے کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںکا کہناہے کہ جلد ہی اس متوازی برج کے تعمیری کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔ فلک نما ریل اوور برج کی تعمیر کے بعد اسے کھول دیئے جانے کے سبب یہ خدشات پیدا ہورہے تھے کہ متوازی برج کے کاموں کو نظر انداز کیا جارہا ہے لیکن عہدیداروں نے بتایا کہ متوازی برج کی تعمیر کا منصوبہ ہے اور اس پر جلد عمل کیا جائے گا لیکن متوازی برج کی تعمیر سے قبل اس برج کی کشادگی ٹریفک کی آمد و رفت کو بحال کرنے اور شہریوں کو ہونے والی مشکلات کو دور کرنے کے لئے عمل میں لائی گئی ہے۔ عہدیداروں کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے منظورہ متوازی برج کے سلسلہ میں محکمہ ریلوے کو واقف کروایا جاچکا ہے اور محکمہ ریلوے کی جانب سے اس برج کے تعمیری کاموں کا آغاز کیا جانا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ ماہ کے اواخر میں متوازی برج کے کاموں کو شروع کردیا جائے گا۔م