فلک نما ریل اوور برج کا آج چیف منسٹر افتتاح کرینگے

   

علاقہ میں ٹریفک مسائل کی یکسوئی ممکن ۔ شاستری پورم برج کو بھی جلد مکمل کرنے کی امید

حیدرآباد 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی فلک نما ریل اوور برج سے متصل تعمیر نئے برج کا آج افتتاح انجام دیں گے۔ برج کی تعمیر کی تکمیل کے بعد بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی تفصیلات کے مطابق چیف منسٹر کے ہاتھوں فلک نما ریل اوور برج کا 3اکٹوبر کو 11 بجے دن افتتاح عمل میں آئے گا۔ ریل اوور برج کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارکا و انچارج وزیر شہر پونم پربھاکر مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی رکن پارلیمنٹ و صدر مجلس کی صدارت میں افتتاحی تقریب میں مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی کے علاوہ متعلقہ رکن اسمبلی جناب محمد مبین و دیگر منتخبہ عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔فلک نما ریل اوور برج جو طویل مدت سے زیر تعمیر رہا اور اس برج کی تعمیرات کیلئے اسدالدین اویسی کو لوک سبھا میں وزارت ریلوے کو متوجہ کروانا پڑا تھا ۔فلک نما ریل اوور برج کے تعمیری کاموں کی تکمیل کے بعد نئے برج کو پہنچنے والے راستہ کی توسیع کے کاموں کو بھی مکمل کرلیاگیا۔ برج کے افتتاح کے بعد فلک نما کے پاس ٹریفک کے مسائل کا خاتمہ ہوجائے گا کیونکہ چندرائن گٹہ سے انجن باؤلی کی سمت آنے والی ٹریفک کیلئے علحدہ برج ہوگا اور انجن باؤلی سے چندرائن گٹہ جانے والی ٹریفک کیلئے علحدہ برج موجود ہے اس کا استعمال کیا جائے گا۔پرانے شہر کی اس مصروف سڑک پر ریل اوور برج کے افتتاح کے بعد چندرائن گٹہ اور انجن باؤلی کے درمیان ٹریفک کے مسائل حل ہونے کی توقع ہے ۔ علاوہ ازیں شاستری پورم میں زیر تعمیر ریل اوور برج کو جلد مکمل کئے جانے پر فلک نما ریلوے ٹریک کو عبور کرنے مزید سہولت حاصل ہوجائیگی۔ حکام کے مطابق شاستری پورم ریل اوور برج کے کام بھی جلد مکمل کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں اور فلک نما ریل اوور برج کے چند ماہ بعد شاستری پورم برج کا افتتاح ہونے کی توقع ہے۔3