حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے علاقہ فلک نما میں متوازی روڈ اور بریج کی تعمیر نے رفتار پکڑی ہے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے نے ریل پٹریوں کے کام کو تیز کردیا ہے ۔ 2021 میں شہر کے راستوں میں ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے کے لیے یہ منصوبہ شروع کیا گیا تھا ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور ساوتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے مشترکہ طور پر تعمیر کئے جانے والے نئے 360 میٹر لمبے فلائی اوور کے لیے 47.10 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ۔ یہ بریج چندرائن گٹہ کو چارمینار سے جوڑے گا ۔ موجودہ فلائی اوور گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ایڈجسٹ کرنے میں بے حد تنگ ہوگیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے ٹاون پلاننگ ونگ نے 23 جائیدادوں کو ترقیاتی نوٹس جاری کردی ہیں ۔ جس میں سے 13 کو حاصل کرلیا گیا ہے اور باقی 10 کا حصول عمل میں ہے ۔ یہ بریج مارچ میں مکمل ہونے والا تھا لیکن ریلوے ٹریک کے کام کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ تاخیر ٹرینوں کی بلا تعطیل آمد و رفت اور گرڈرز کو ٹھیک کرنے میں لگنے والے وقت کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ یہ کام مئی کے آخری ہفتہ تک مکمل کرلیا جائے گا اور امید کی جارہی ہے کہ ساوتھ سنٹرل ریلوے بھی اپنا کام جلد مکمل کرلے گی جس کے بعد جون کے آخری ہفتہ تک عوام کے لیے کھول دیا جائے گا ۔۔ ش