منتخبہ نمائندے اور جی ایچ ایم سی کی عدم دلچسپی، پیالیس انتظامیہ سے نمائندگی بھی بے فیض ثابت
حیدرآباد۔8اگسٹ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں فلک نما پیالس کو کافی اہمیت حاصل ہونے لگی ہے اورفلک نما پیالس میں منعقد ہونے والی تقاریب میں نہ صرف اہم شخصیات بلکہ سرکاری عہدیداروں کے علاوہ فلمی شخصیتوں کی شرکت نے فلک نما پیالس کے اطراف کی سڑکو ںکو انتہائی اہمیت کا حامل بنا دیا ہے لیکن اس کے باوجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فلک نما پیالس تک پہنچنے والی سڑکوں کو بہتر بنانے اور انہیں صاف ستھرا رکھنے کے اقدامات سے گریز کیا جا رہاہے جو کہ شہر حیدرآباد میں فلک نما پیالس پہنچنے والوں کے تاثرات کو پرانے شہر کے متعلق تاثرات کو تبدیل نہیں کرپا رہا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں اور پرانے شہر کے ان علاقوں کی نمائندگی کرنے والے منتخبہ عوامی نمائندو ںکو چاہئے کہ وہ فلک نما کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں صاف صفائی کے علاوہ سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اطراف کے علاقوں کی سڑکوں پر ٹھیلہ بنڈی رانوں اور فٹ پاتھ کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے کیونکہ فلک نما پیالس پہنچنے والوں میں بیشتر مہمانوں میں شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات کے علاوہ سرکاری عہدیدار‘ بیرونی ممالک سے تعلق رکھنے والے سفارتی عہدیدار‘ فلمی شخصیات اور کئی اہم سیاسی قائدین شامل ہوتے ہیں ان اہم شخصیتوں کے پرانے شہر کے متعلق تاثرات میں تبدیلی کیلئے فلک نما پیالس کے اطراف واکناف کے ماحول کو تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کا کہناہے کہ اگر منتخبہ عوامی نمائندوں کی جانب سے اس مسئلہ پر توجہ دی جاتی ہے تو ایسی صورت میں حالات کو تبدیل کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنایا جاسکتا ہے لیکن عام طور پر یہ دیکھا جا رہاہے کہ منتخبہ عوامی نمائندوں کی جانب سے پیالس کے اطراف واکناف کے ماحول کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں کوئی توجہ نہیں دی جار ہی ہے جس کے سبب صورتحال جوں کی توں برقرار ہے۔ فلک نما پیالس کے ذرائع کے مطابق پیالس کے انتظامیہ نے اس سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروںکو متعدد مرتبہ متوجہ کروایا ہے اور کہا کہ پیالس کے اطراف و اکناف کے ماحول کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں پیالس میں قیام کرنے والے مہمان اطراف و اکناف کے بازاروں میں بھی تفریح کے لئے نکل سکتے ہیں ۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار جو کہ تاریخی عمارتوں کے دلدادہ ہیں اور ان کو بہترین سیاحتی مراکز میں تبدیل کرنے کی ویژن رکھتے ہیں اگر وہ اس مسئلہ پر توجہ مرکوز کرتے ہیں تو ایسی صورت میں حالات کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔