فلیٹس ، پلاٹس اور مکانات کی خرید و فروخت میں زبردست اضافہ

   


محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کو 7560 کروڑ روپئے کی آمدنی ، رپورٹ کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں ذاتی مکان کے حصول کے خواب کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اراضیات میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ گذشتہ 8 سال کے دوران رجحانات اس بات کو واضح کرتے ہیں ریاست میں فلیٹس اور پلاٹس کی فروختگی میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ مستقبل کی ضرورت اور سرمایہ کاری کو مد نظر رکھتے ہوئے زیادہ تر لوگ ان دونوں زمروں کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں ۔ گذشتہ مالیاتی سال محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کو 10,997 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ۔ ان میں 7560 کروڑ روپئے فلیٹس ، اوپن پلاٹس اور مکانات کی خرید و فروخت سے حاصل ہوئے ہیں ۔ زرعی اراضیات کی خرید و فروخت کے ذریعہ 1534 کروڑ روپئے حاصل ہوئے ۔ گفٹ ڈیڈز ، سٹیلمنٹس اور دیگر ذرائع سے ماباقی جملہ آمدنی حاصل ہوئی ہے ۔ سال 2021-22 کے دوران زرعی اراضیات کے فروخت کی حصہ داری 44.94 فیصد اوپن پلاٹس کی حصہ داری 40.94 فیصد گھروں کی 7.93 فیصد فلیٹس کی 6.49 فیصد حصہ داری ہے ۔ محکمہ اسٹامپس و رجسٹریشن کے جاری کردہ اعداد و شمار سے اس کا پتہ چلا ہے ۔ ریاست میں گذشتہ 8 سال کے دوران فلیٹس کی خرید و فروخت میں چار گنا اضافہ ہوا ہے ۔ سال 2014-15 میں 41 ہزار رجسٹریشن ہوئے جس سے حکومت کو 654.55 کروڑ روپئے کی آمدنی سال 2018-19 میں فلیٹس کی خرید و فروخت سے محکمہ رجسٹریشن کو 1,300 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی سال 2021-22 کے دوران 87 ہزار رجسٹریشن کے ذریعہ 2800 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ۔ مکانات کی خرید و فروخت کے ذریعہ سال 2014-15 کے دوران 606.15 کروڑ روپئے آمدنی ہوئی سال 2021-22 میں 2,135.80 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی اسی مدت کے دوران اوپن پلاٹس کے رجسٹریشن سے آمدنی 484.99 کروڑ سے بڑھ کر 2,582.93 کروڑ روپئے تک پہونچ گئی ۔۔ ن