فنچ پاکستانی دورے کے لئے تیار

   

ٹاؤنٹن ۔12 جون (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے 1998کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔ پی سی بی ان کوششوں میں مصروف ہے کہ ملک کے حالات بہتر ہونے کے بعد اب بیر ونی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں ایسے میں آسٹریلیائی کپتان ایرون فنچ کا یہ بیان پاکستان میں شائقین کرکٹ کے لئے حوصلہ افزاء ہے جس میں فنچ نے کہا کہ پاکستان میں شائقین کرکٹ کو اس کھیل سے جنون کی حد تک لگائو ہے اور اگر کرکٹ آسٹریلیا اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرتا ہے تو میں پاکستان جاکر کرکٹ کھیلنا ضرور پسند کروں گا۔ امید ہے کہ جلد کرکٹ پاکستان میں واپس آئے گی۔ پاکستان کے بارے میں میں نے بہت ساری کہانیاں سنی ہوئی ہیں۔ پاکستان کی کرکٹ تاریخ بہت عظیم ہے۔آسٹریلیائی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے فیصلہ ان کو نہیں کرنا، پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ جنون ہے اور پی ایس ایل میچز میں وہ نظر بھی آیا۔ جو کرکٹرز پاکستان گئے انہوں نے وہاں کی تعریف کی، جب بھی موقع ملا پاکستان جاکر ضرور کھیلنا چاہوں گا۔ پی سی بی بیرونی ٹیموں کو پاکستان مدعو کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔