سڈنی ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی ونڈے ٹیم کے کپتان آرون فنچ خواہاں ہیکہ وہ آسٹریلیائی ٹسٹ ٹیم کی نمائندگی کریں کیونکہ انہیں امید ہیکہ ایشز سیریز کے دوران آسٹریلیائی ٹیم کی اوپننگ جوڑی ناکام رہی تھی۔ 32 سالہ اوپنر فنچ جنہوں نے ہندوستان کے خلاف گذشتہ سرمائی سیزن میں منعقدہ تین ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں صرف 97 رنز ہی اسکور کر پائے تھے اور اس مایوس کن مظاہروں کے بعد انہیں ٹیم سے خارج کردیا گیا تھا۔ فنچ کو امید ہیکہ انگلینڈ کے خلاف حالیہ منعقدہ ایشز سیریز میں ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مارکس ہیریس اور کیمرون بین کراف کی جوڑی کے ناکام ہونے کے بعد انہیں دوبارہ موقع مل سکتا ہے۔ فنچ نے کہا ہیکہ اس وقت ان کا منصوبہ گھریلو کرکٹ شیفیلڈ شیلڈ میں حتی المقدور زیادہ سے زیادہ رنز اسکور کرنا ہے تاکہ اس سے سلیکٹروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کی جاسکے اور نومبر میں پاکستان کے علاوہ نیوزی لینڈ کے خلاف منعقدہ شدنی ٹسٹ سیریز میں ٹیم کی نمائندگی کی دعویداری پیش کی جاسکے۔ فنچ نے میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر میرا منصوبہ یہی ہیکہ گھریلو سیزن میں رنز اسکور کروں جیسا کہ میں نے گذشتہ سیزن شیفیلڈ شیلڈ ٹورنمنٹ میں ہزار سے زائد رنز بنائے تھے اور امید ہیکہ اس مرتبہ بھی ایسا مظاہرہ کرتے ہوئے میں آسٹریلیائی ٹسٹ ٹیم میں واپسی کروں گا۔