فنڈس کے لیے اراضی استعمال میں تبدیلی پر حکومت کی توجہ

   

حیدرآباد ۔ 6 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت کے فلاحی وعدوں کو پورا کرنے فنڈ کیلئے وسائل اکٹھا کرنے کی ایک کوشش میں کانگریس حکومت اب برسوں پہلے انڈسٹریل یونٹس کو الاٹ کئے گئے پلاٹس کی اراضی استعمال میں تبدیلی کی اجازت دیتے ہوئے ریونیو حاصل کرنے پر توجہ دے رہی ہے، یہ صنعتی یونٹس کبھی شروع نہیں ہوئے۔ معلوم ہوا کہ ریاست تلنگانہ کے قیام سے پہلے انڈسٹریز کی ایک بڑی تعداد نے جن کے پاس سیل ڈیڈس تھے، کوئی معاشی سرگرمی شروع نہیں کی اور شاید انہیں اراضی کے استعمال میں تبدیلی کی اجازت دی گئی ہو۔ ذرائع کے مطابق کمرشیل اور رہائشی استعمال کیلئے اس طرح کی صنعتوں کیلئے الاٹ کردہ اراضی کی تبدیلی کیلئے کافی مانگ کی جارہی ہے۔ حکومت کو بھی امید ہیکہ اس طرح کی تبدیلی سے تقریباً دس ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی ہوگی۔ حکومت کو رعیتو بھروسہ، قرض معافی اور رعیتو بیمہ جیسی اسکیمات کیلئے فنڈ فراہم کرنے تقریباً 40,000 کروڑ روپئے کی ضرورت ہے۔ نیز ریاست میں بعض انڈسٹریل پارکس میں 20 تا 30 فیصد اس طرح کی اراضی سک اور بند انڈسٹریز کے تحت ہے۔