حیدرآباد :۔ زیادہ تر شادیوں کو منسوخ کئے جانے ، ملتوی کئے جانے یا پھر گھروں میں مختصر طریقہ پر انجام دینے کی وجہ شہر کے فنکشن ہالس اور بنکویٹ ہالس سنسان نظر آرہے تھے لیکن اب ریاستی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کو برخاست کرنے سے ان کے مالکین امید کررہے ہیں کہ اَن لاک اور نئے رہنمایانہ خطوط ان کے لیے معاون و مددگار ثابت ہوں گے ۔ فنکشن ہالس کے زیادہ تر مالکین نے کہا کہ جیسے ہی حکومت کی جانب سے نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے وہ شادیوں اور دیگر تقاریب کے لیے بکنگ کرنا شروع کریں گے ۔ اس وبا کے پھوٹ پڑنے کے بعد سے ویڈنگ انڈسٹری متاثر ہو کر رہ گئی ہے اور بزنس ٹھپ ہوگیا ہے چونکہ رمضان المبارک کے مہینے کے بعد زیادہ تر شادیاں ہوتی ہیں اس لیے رمضان کے بعد تین مہینوں تک شادی خانوں کا خوب بزنس چلتا ہے لیکن شادیاں رک گئی ہیں ۔ چندرائن گٹہ میں بنڈلہ گوڑہ روڈ پر واقع نوری پیالیس فنکشن ہال کے مالک عثمان مصری نے کہا کہ ’ لاک ڈاؤن کے دوران حکومت نے تقاریب میں زیادہ لوگوں کے اجتماع پر تحدیدات عائد کئے تھے اور کسی بھی تقریب بشمول شادی میں صرف 40 لوگوں کے شریک ہونے کی اجازت دی تھی ۔ اور اب بھی لاک ڈاون تو برخاست کردیا گیا ہے لیکن لوگوں کی تعداد کے بارے میں کوئی رہنمایانہ خطوط جاری نہیں کئے گئے ۔ تقاریب میں کتنے لوگ شرکت کرپائیں گے ان کی تعداد کے بارے میں ابھی ہم یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں ۔ جیسے ہی نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے ہم بکنگس شروع کریں گے ‘ ۔ فنکشن ہالس کوویڈ 19 پروٹوکولس پر عمل کرتے ہوئے کم از کم 300 ممبرس کے فنکشنس کے لیے بھی بکنگس کرنے تیار ہیں ۔ روز فنکشن ہال کے منیجر ماجد علی نے کہا کہ ’ ہالس میں سنیٹائزیشن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور ہم کرسیاں بھی دو فیٹ کی جگہ چھوڑ کر رکھ رہے ہیں اور ویٹرس سیفٹی پروٹیکشن پہن رہے ہیں جیسے فیس ماسک ، دستانے اور ہیڈ گیئر ، ہم پروٹوکولس پر عمل کررہے ہیں اور باقی لوگوں کے ہاتھ میں ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ، شادیوں کے سیزن میں شہر حیدرآباد میں 9000 سے زیادہ شادیاں ہوتی ہیں ۔ اس طرح روزانہ کم از کم 500 شادیاں انجام پاتی ہیں ۔ لیکن اب لاک ڈاؤن اور کیسیس میں اضافہ کی وجہ کئی خاندانوں نے شادیوں کو ملتوی کردیا ہے یا انہیں موخر کردیا ہے ۔ ایک اندازہ کے مطابق شہر میں تقریبا 800 فنکشن ہالس ہیں اور سیزن میں روزانہ کم از کم 600 شادیاں ہوتی تھیں لیکن اب فنکشن ہالس سنسان نظر آرہے ہیں اور شہر میں بعض فنکشن ہالس کو عارضی کوویڈ کیر سنٹرس میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ پرانے شہر میں واقع سٹی فنکشن ہال کے مالک بابا خاں نے کہا کہ ’ اَن لاک کے پہلے دن کئی لوگ شادی خانہ کی بکنگ کے لیے آئے لیکن تقریب میں لوگوں کی تعداد کے بارے میں ہم یقین سے کچھ کہہ نہیں سکتے ۔ ان میں زیادہ تر لوگوں نے 500 ممبرس کے ساتھ آئندہ ماہ کے لیے ہال بک کروایا ہے ‘۔۔