فن خطاطی کے فروغ میں روزنامہ سیاست کا اہم کردار

   

خطاطی میں دلچسپی رکھنے والوں کیلئے سمینار کا انعقاد ، قلیل مدتی کورس کا عنقریب آغاز

حیدرآباد 27 مئی ( سیاست نیوز ) : فن خطاطی کے فروغ میں عربوں نے غیر معمولی کردار ادا کیا جس کے نتیجہ میں دنیا بھر میں اس فن کو متعارف کروانے میں مدد ملی بعد میں ایران ، ہندوستان ، مصر ، ترکی اور پاکستان ، ترکمانستان ، ایران جیسے ملکوں میں بھی فن خطاطی کو عروج حاصل ہوا ۔ جہاں تک ہندوستان میں فن خطاطی کے فروغ کا سوال ہے مسلم حکمرانوں نے اس کی غیر معمولی سرپرستی کی اور ملک میں جمہوریت کا سورج طلوع ہونے کے بعد مذہبی تنظیموں ، دینی درسگاہوں اور تہذیبی و ثقافتی اداروں نے اس کی اہمیت و افادیت کی کوشش کی ایسے اداروں میں روزنامہ سیاست بھی شامل ہے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی قیادت میں سیاست نے خطاطی کا ایک علحدہ گوشہ قائم کیا اور ہندوستان کے کونے کونے میں فن خطاطی کو پہنچانے کی سنجیدہ کوشش کی چنانچہ اسی کوشش کے طور پر دہلی ، علیگڑھ ، منگلور ، حیدرآباد کے ساتھ سعودی عرب اور امریکہ میں خطاطی کے نادر و نایاب نمونوں کی نمائشوں کا اہتمام کیا ۔ ان خیالات کا اظہار سیاست کے سنٹینری آڈیٹوریم میں فن خطاطی پر منعقدہ سمینار / ورکشاپ سے خطاب میں سینئیر صحافی محمد ریاض احمد اور زاہد فاروقی آپریشنل ہیڈ سیاست ٹی وی نے کیا ۔ فن خطاطی خوشنویسی یا خوش خطی کے ماہر جناب غوث ارسلان نے فن خطاطی کے سیکھنے کا غیر معمولی شوق رکھنے والے طلباء وطالبات مرد و خواتین اور بزرگ حضرات کو پرزینٹیشن کے ذریعہ فن خطاطی کی تاریخ اس کے ارتقاع ، مختلف خط ، ٹکنکس سے متعلق کئی پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے شرکاء کو خط نسخ ، خط ثلث ، خط توقیع ، رفاع ، ریحان ، محقق تعلیق ، نستعلیق ، خط کوفی ، خط مغربی ، خط چینی کے مختلف پہلوؤں سے واقف کروایا ۔ اس موقع پر کے این واصف ، انجینئر محمد عبدالحمید ، ممتاز شاعر فرید سحر ، محترمہ عطیہ فاطمہ ، صبیح الدین و دیگر موجود تھے ۔ اس سمینار / ورکشاپ میں شریک مرد و خواتین اور طلباء وطالبات نے فن خطاطی میں دلچسپی دکھائی اور انکے اصرار پر دفتر سیاست کے آڈیٹوریم میں قلیل مدتی کورس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔۔