کراچی ۔ 22جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فواد عالم نے کہا ہے کہ سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کی طرح اْن کی روزی روٹی کرکٹ سے جڑی ہے۔ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جب اتنے تجربہ کار اور سینئر کھلاڑی ایسی باتیں کر رہے ہیں تو ہمارا موقف سب بخوبی سمجھ سکتے ہیں۔ فواد عالم کے مطابق وہ اب بھی بھرپور محنت کر رہے ہیں اور فٹنس پر توجہ ہے کیونکہ وہ پرْ امید ہیں کہ دوبارہ ٹیم میں واپسی ہو گی۔ وہ یہ نہیں کہتے کہ کسی نے اْن کے ساتھ زیادتی کی تاہم فیصلہ سازی میں سیاہ وسفید کے مالک عہدیداروں کو خود سے یہ سوال ضرورکرنا چاہئے کہ کسی کھلاڑی کی کوئی حق تلفی تو نہیں ہوئی۔فواد عالم نے کہا کہ 32 ، 33 سال کی عمرمیں پاکستانی ٹیم میں ٹسٹ ، ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں بعض کھلاڑیوں نے کرئیر کا آغازکیا ہے تو عمر کی بات چھوڑ دینا چاہئے۔ وہ نصیب پر یقین رکھتے ہیں اور جب بھی ان کا وقت آیا تو ٹیم میں واپسی سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ فواد عالم کے مطابق وہ اپنے منہ سے نہیں کہنا چاہتے کہ انہیں اچھی کارکردگی کے باوجود مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے یا اْن کے ساتھ زیادتی ہوئی لیکن جب دوسرے لوگ یہ بات کہتے ہیں تو خو د پر فخر ہوتا ہے۔ وہ کسی سے کوئی مطالبہ نہیں کرنا چاہتے صرف اللہ تعالی سے ہی امید ہے اورجب مقدر میں ہوگا تو بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی ہو جائے گی۔