فواد عالم کو ٹیم میں شامل کیا جائے :اکرم

   

لاہور۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف13 اگست کو شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میچ میں فواد عالم کو ٹیم میں شامل کرنا چاہئے ۔ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ دوسرے ٹسٹ میں ٹرننگ وکٹ ہوگی اس لئے ٹیم کو ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے اور پاکستان کو ایک اضافی بیٹسمین کے ساتھ کھیلنا پڑے گا۔ سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ فواد عالم کی فرسٹ کلاس میں50 سے زیادہ کا اوسط ہے اور دوسرے ٹسٹ میں انہیں موقع دیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا اگر میں کپتان ہوتا تو فواد عالم کو مڈل آرڈر میں شامل کرتا۔وسیم اکرم نے پہلے ٹسٹ میں شکست کا ذمہ دار بیٹسمینوںاور بولروں دونوںکو قرار دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کہ دو سینئر بیٹسمینس اظہر علی اور اسد شفیق نے بہتر مظاہرہ نہیں کیا اور اگر آپ کے سینئر کھلاڑی مظاہرہ نہیں کرتے ہیں تو ٹیم کا حوصلہ پست ہوجاتا ہے ۔وسیم اکرم نے کہا اظہر علی کو اپنی باڈی لینگویج اورکمیونیکیشن اسکلز کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے اگر ہم باقی ٹسٹ میچ جیت جاتے ہیں تو انہیں کپتان کی حیثیت سے برقرار رہنا چاہئے اور یہ ان کی کارکردگی پر منحصر ہے ۔ اگر ہم نہیں جیتتے اور وہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرتے تو ظاہر ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کوکسی اور کی تلاش کرنا ہوگی۔