فوارے کو شیولنگ بتا کر اُڑایا جارہا ہے مذاق:توقیر رضا

   

بریلی : وارانسی کے گیان واپی معاملے میں اتحاد ملت کونسل(آئی ایم سی) کے صدر مولانا توقیر رضاخان نے کہا ہے کہ فوراے کو شیولنگ بتا کر ہندو مذہب کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ مولانا نے انتباہ بھرے لہجے میں کہا کہ نفرت کی سیاست کر کے ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اب کسی بھی مسجد میں زبردستی کی گئی تو اس کاخامیازہ حکومت کو بھگتنا ہی ہوگا۔ مولانا نے کہا کہ گیان واپی کا سروے بند کمروں کے لئے ہونا تھا کھلے حوض کے لئے نہیں۔ یہ آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ حوض میں کھڑے فوراے کو شیولنگ بتا کر ہندو مذہب کا مذاق اڑایا جارہا ہے ۔ اس کے خلاف تو ہندوؤں کو کھڑا ہونا پڑے گا۔ اگر گیان واپی میں شیولنگ ہے تو ایسا حوض اور فوراہ ہر ضلع اور ہر صوبے میں موجود ہے ۔انہوں نے بریلی شہر کی جامع مسجد، نومحلا مسجد، رحمانی مسجد،مرزا مسجد سمیت کئی مساجد کے نام بھی گنائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ہماراکوئی نقصان نہیں ہے ۔ بلکہ ایسی باتوں سے دنیا میں ہندوستان کی شبیہ متاثر ہورہی ہے ۔ جبکہ ایک قانون بن چکا ہے کہ اب کسی مذہبی مقام کو توڑا نہیں جاسکتا۔ جہاں مسجد ہے یا دوسرے مذہبی عبات گاہیں ہیں وہ اسی مقام پر ویسے ہی رہیں گی۔