فوجداری مقدمہ چھپانے کا معاملہ: فرنویس کی عرضی پر فیصلہ محفوظ

   

نئی دہلی۔ 18 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے انتخابی حلف نامہ میں فوجداری مقدمہ کو چھپانے کے معاملے میںمہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی دیوندر فرنویس کی نظر ثانی کی درخواست پر فیصلہ منگل کو محفوظ رکھ لیا۔جسٹس ارون کمار مشرا، جسٹس دیپک گپتا اور جسٹس انیرودھ بوس کی بنچ نے تمام فریقوں کو سننے کے بعد فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔عدالت نے گزشتہ سال یکم اکتوبر کو فرنویس کو جھٹکا دیتے ہوئے کہا تھا کہ ذیلی عدالت فرنویس کے خلاف دائر مقدمہ کو نئے سرے سے دیکھے ۔اس وقت کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی بنچ نے بمبئی ہائی کورٹ کے فیصلہ کو منسوخ کرتے ہوئے یہ حکم دیا تھا۔ہائی کورٹ نے ستیش اوئیکے کی وہ درخواست مسترد کر دی تھی جس میں انہوں نے فرنویس کی جانب سے انتخابی حلف نامہ میں فوجداری مقدمات کی معلومات چھپانے کے لئے ان کاانتخاب منسوخ کرنے کی مانگ کی تھی۔