دمشق 19 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) شام میں القاعدہ کی سابقہ تنظیم ‘النصرہ فرنٹ’ (لبریشن موومنٹ برائے شام) کی طرف سے سوشل میڈیا یر ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں تنظیم کے بعض جنگجوئوں کو ادلب میں ترک فوجیوں کا مذاق اڑانے اور ان کے سر قلم کرنے کی دھمکی دیتے دکھایا گیا تھا۔ ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد گروپ نے ترکی میں ایک مختصر بیان جاری کیا جس میں اس نے ترکی سے معذرت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریر شام محاذ اور ترک فوج شام میں ایک ہی مقصد کیلئے لڑ رہی ہیں۔ ترکی سے کہا گیا کہ ادلب میں ترک فوجیوں کے خلاف ہتک آمیز بیان سر قلم کرنے کی دھمکیاں دینے والے عناصر کا کڑا احتساب کیا جائیگا۔سابقہ النصرہ فرنٹ کا کہنا ہے کہ ترک فوج بشارالاسد اور اسکے اتحادیوں کے خلاف جاری انقلابی جدو جہد میں دست وبازو ہے۔ ترک فوجیوں نے شام کے کئی علاقوں کی آزادی میں اپنا خون اور جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔