فوجیوں کے اعزاز میں کانگریس نےنکالی ’جے ہند یاترا‘

   

نئی دہلی، 9 مئی (یواین آئی) کانگریس نے پہلگام حملے کے ملزمان کو سزا دینے کیلئے کی جا رہی فوجی کارروائی میں فوج کے جوانوں کا حوصلہ بڑھانے اور پاکستان کے خلاف حکومت کی حمایت میں یکجہتی ظاہر کرنے کیلئے جمعہ کے روزملک کے مختلف حصوں میں ‘جے ہند یاترا’ نکالی۔دہلی پردیش کانگریس نے یہاں جنتر منتر پر یاترا کا اہتمام کیا، جس میں کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال، پارٹی کے خزانچی اجے ماکن، سچن پائلٹ، دہلی کانگریس کے انچارج قاضی نظام الدین، صدر دیویندر یادو، پارٹی کے سینئر رہنما راجیو شکلا سمیت کئی اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے فوج کی شجاعت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے یہاں ‘جے ہند یاترا’ نکالی۔اس سے قبل پارٹی ترجمان راگنی نایک نے کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان میں پروان چڑھنے والے دہشت گردی کے خلاف یکجہتی ظاہر کرنے اور ہندوستان کی فوج کا حوصلہ بڑھانے کیلئے پارٹی نے تمام صوبوں میں ‘جے ہند یاترا’ نکالنے کا اعلان کیا ہے ۔