100 جوانوں کو سرٹیفکیٹس کی تقسیم، سید عمر جلیل آئی اے ایس کی شرکت
حیدرآباد۔/14 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) فوجی جوانوں کیلئے مختلف پیشہ ورانہ کورسیس کے سلسلہ میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ نےAOC سنٹر ترملگری کو اجازت دی ہے۔ 7 مختلف کورسیس کی تکمیل کے بعد سرٹیفکیٹس کی تقسیم کی تقریب آج اے او سی سنٹر میں منعقد کی گئی۔ کرنل کمانڈنٹ راہول سرین کے علاوہ کمشنر انٹر میڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل ( آئی اے ایس) کرنل ایس کے تمھپی، کرنل لیفٹننٹ کرنل سنجیو سنگھ، میجر اسمیتا، شریمتی بی جیہ پردا، ایم لکشما ریڈی اور کے وشویشور تقریب میں شریک تھے۔ اے او سی کے سنٹر آف ایکسلنس کی جانب سے مختصر مدتی سرٹیفکیٹ کورسیس کا جن شعبہ جات میں اہتمام کیا گیا ان میں دستکاری، ٹیلر، پینٹر، لیدر ٹکنالوجی، ڈرائیور میکانیکل ٹرانسپورٹ، وہیکل مینجمنٹ اور ڈرائیور اسپیشل وہیکل شامل ہیں۔ کمشنر انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے تعلیمی سال 2019-20 کیلئے ان کورسیس کی اجازت دی ہے۔ ایوارڈ تقریب میں 100فوجی جوانوں کو سرٹیفکیٹس سید عمر جلیل ( آئی اے ایس ) کے ہاتھوں تقسیم کئے گئے۔ ڈپارٹمنٹ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے پہلی مرتبہ فوجی جوانوں کیلئے ٹیکنیکل مختصر مدتی کورسیس کا اہتمام کرنے کیلئے اے او سی سنٹر سے یادداشت مفاہمت کی ہے۔ سید عمر جلیل نے اے او سی سنٹر کو تجویز پیش کی بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے دیگر کورسیس فوجی جوانوں کیلئے متعارف کریں۔