نئی دہلی : فوجی سربراہ جنرل ایم ایم نروا نے کا منگل کو مشرقی لداخ میں دورہ ہوا جہاں انہوں نے ہندوستان کی ملٹری تیاری کا جائزہ لیا۔ وہ اس خطہ کے دو روزہ دورہ پر ہیں جہاں چند روز قبل سرحدی جھڑپ میں 20 ہندوستانی فوجی شہید ہوگئے اور چین کے ساتھ کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ جنرل نروانے لیہہ پہنچنے کے فوری بعد آرمی ہاسپٹل گئے جہاں 18 زخمی فوجی زیر علاج ہیں۔ آرمی کے عہدیداروں نے بتایا کہ 15 جون کو گلوان وادی میں پیش آئی جھڑپ کے بعد تازہ ترین صورتحال سے فوجی سربراہ نے واقفیت حاصل کی۔ انہوں نے تقریباً تمام زخمی فوجیوں سے بات کی اور ان کی بہادری کو سراہا۔