حیدرآباد 28 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) قومی سیاست سے متعلق فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کے تبصرے پر شدید اعتراض کرتے ہوئے سینئر سی پی ایم لیڈر سیتارام یچوری نے آج کہا کہ اگر سیاسی افواج کو سیاسی رنگ دینے کا سلسلہ جاری رہا تو ملک کی صورتحال بگڑ جائے گی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا الزام یہ ہے کہ احتجاجی پرتشد د راستہ اختیار کر رہے ہیں۔ یہی بات وزیر اعظم کہہ رہے ہیں اور یہی بات فوجی سربراہ کہہ رہے ہیں۔ انہیں داخلی سیاست پر تبصرہ نہیں کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد ہندوستان میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ فوجی سربراہ داخلی سیاست پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔ یچوری نے کہا کہ اگر اس طرح مسلح افواج کو سیاسی رنگ دینے کا سلسلہ جاری رہا تو یہ ایک خطرناک رجحان ہے اور اس سے ملک کی صورتحال مزید بگڑے گی جس طرح پاکستان میں فوج کا رول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور دستور کیلئے ضروری ہے کہ اس وارننگ کو سمجھیں اور حکومت سے بھی انہوں نے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کو ذہن میں رکھے ۔