حیدراباد۔ ایک سات سالہ لڑکی کا کسی فوجی اہلکار سے ملاقات کا خواب آج پورا ہوا ۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی سات سالہ نیورا پاترا کی خواہش کو دفتر وزیر اعظم نے پورا کیا ۔ لڑکی نے کسی فوجی اہلکار سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی جس کیلئے پی ایم سے حیدرآباد ہی میں انتظام کردیا گیا ۔ آج آرمی ڈے کے موقع پر لڑکی کی خواہش کو پورا کیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ لڑکی نے گذشتہ سال ٹی وی پر یوم جمہوریہ کی پریڈ دیکھی اور اس سے بے انتہا متاثر ہوئی ۔ جب اس کے والدین نے بہادر سپاہیوں کی جانب سے ملک کیلئے جان کی قربانیوں کے قصے سنائے تو وہ اور بھی متاثر ہوگئی ۔ لڑکی کے دل میں فوجیوں سے ملاقات کی خواہش نے جڑ پکڑ لی ۔ اس کے والدین نے وزیر اعظم کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کسی فوجی ٹھکانہ کے دورہ کی خواہش ظاہر کی ۔ جب پی ایم او سے ان سے رابطہ کیا گیا تو یہ ان کیلئے خوشگوار حیرت تھی ۔ پی ایم او نے مداخلت کرتے ہوئے نیورا کے حیدرآباد میں ایک فوجی ٹھکانے کے دورہ کو یقینی بنایا ۔ پی ایم او کے رابطے کے بعد انڈین آرٹیلری اسٹابلشمنٹ گولکنڈہ نے لڑکی کو دورہ کی دعوت دی ۔ لڑکی نے آج آرمی ڈے کے موقع پر فوجی اہلکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی خواہش کی تکمیل کی ۔