فوجی عہدیداروں کی کے ٹی آر سے ملاقات

   

کنٹونمنٹ علاقوں کی سڑکوں کو بند کرنے ، مہدی پٹنم کے سیلابی نالے پر تبادلہ خیال
حیدرآباد۔/5 اپریل، ( سیاست نیوز) فوج کے اعلیٰ عہدیداروں نے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے کنٹونمنٹ میں سڑکوں کو بند کردینے مہدی پٹنم کے کنٹونمنٹ علاقہ میں سیلابی پانی کے علاوہ دوسرے اُمور پر تبادلہ خیا ل کیا ۔ نانک رام گوڑہ کے ایچ جی سی ایل آفس میں یہ ملاقات ہوئی۔ کے ٹی آر نے فوجی عہدیداروں کو بتایا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد شہر حیدرآباد میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے۔ شہر کے چاروں طرف بڑے پیمانے پر سڑکوں کی تعمیرات و توسیع کے کام جااری ہیں۔ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں بھی بنیادی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں تاہم اسکائی ویز کی تعمیرات کیلئے محکمہ دفاع کی جانب سے منظوریاں نہیں دی گئیں اس کے لئے مرکزی وزراء کو ریاستی عہدیداروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر نمائندگیاں کی گئی ہیں لیکن محکمہ دفاع نے اس معاملہ میں کوئی رد عمل کا اظہار نہیں کیا۔ کنٹونمنٹ علاقوں میں بار بار سڑکوں کو بند کردینے کی وجہ سے مقامی عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ جنوبی ہند کے لیفٹننٹ میجر جنرل ارون اور دوسرے اعلیٰ عہدیداروں نے کے ٹی آر کو یقین دلایا کہ تلنگانہ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ سڑکوں کو بند کرنے کے مسئلہ کا فوری جائزہ لیتے ہوئے فوج اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کے ساتھ مشترکہ طور پر معائنہ کرنے سے بھی اتفاق کیاگیا۔ علاوہ ازیں مہدی پٹنم آرمی ریکروٹمنٹ ایریا کے بلکا پور نالہ کی توسیع کیلئے مثبت رد عمل کا اظہار کیا۔ ن

مہدی پٹنم چوراہا پر اسکائی واک کی تعمیر کیلئے مکمل تعاون کرنے کا تیقن دیاگیا۔ گولکنڈہ گولف کورس، ڈالر ہلز سے نیک نام پور تک لنک روڈ کی تعمیر میں بھی تعاون کرنے کا یقین دلایا۔ میجر جنرل ارون نے عوام کی ترقی کیلئے کئے جانے والے ہر کام میں تعاون کرنے کا تیقن دیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ فوج سے متعلق ہر مسئلہ کا حکومت احترام کرے گی۔ کرنل سنتوش بابو کے علاوہ گالوان کے تمام شہید فوحیوں کے ساتھ تلنگانہ حکومت کھڑی رہی۔ ن