گورنر نے فوجیوں کو راکھی باندھی، تلنگانہ میں امن و خوشحالی کیلئے نیک تمنائیں
حیدرآباد۔/30 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے آج راج بھون میں فوجیوں کیلئے راکھی پروگرام میں شرکت کی جس کا اہتمام سمسکرتی فاؤنڈیشن نے انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے اشتراک سے کیا تھا۔ پروگرام کا مقصد فوجی عہدیداروں کو طالبات کی جانب سے راکھی باندھنا اور حب الوطنی کے جذبہ کو فروغ دینا ہے۔ تقریب میں فوجی عہدیداروں، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ گورنر سوندرا راجن نے طلبہ کو ملک کے تئیں ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ رکھشا بندھن ملک بھر میں دھوم دھام سے منایا جاتا ہے جس میں بہنیں اپنے بھائیوں کو راکھی باندھ کر ان کا آشیرواد اور تحفظ حاصل کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راکھی بندھن دراصل بہنوں کی جانب سے محبت اور خلوص کا اظہار ہے۔ اس تہوار سے خاندانوں میں اتحاد برقرار رہتا ہے۔ گورنر نے تلنگانہ میں امن اور بھائی چارہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب راج بھون میں رکھشا بندھن کے دن فوجیوں کے ساتھ تقریب منعقد کی گئی۔ ہندوستان کے چاند پر قدم رکھنے کا جشن بھی منایا گیا۔ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے ملک میں مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے فروغ کی مساعی کی ہے۔ گورنر نے کہا کہ نوجوان نسل کو سماج کو درپیش چیالنجس سے مقابلہ کیلئے تیار رہنا چاہیئے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد اور چینائی کے مختلف اسکولوں کی طالبات نے گورنر اور فوجی عہدیداروں کو راکھی باندھی۔