چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کا خطاب۔ کمبائنڈ گریجویشن پریڈ کا معائنہ
حیدرآباد 13دسمبر(یواین آئی) چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے کہا کہ اگرچہ فوجی کارروائیوں کی شدت میں کمی آ سکتی ہے لیکن آپریشن سندور جاری ہے ۔ انہوں نے ایئر فورس اکیڈمی ڈنڈیگل میں 216 کورس کے کمبیڈ گریجویشن پریڈ (سی جی پی) کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ جنگیں محض بیانات یا تقریروں سے نہیں جیتی جاتیں بلکہ بامقصداور عملی اقدامات سے جیتی جاتی ہیں۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے نئے کمیشن حاصل پانے عہدیداروں سے خطاب میں کہا کہ وہ ایسے دور میں ہندوستانی فضائیہ میں شامل ہو رہے ہیں جب مسلح افواج کی تبدیلی، مربوط ڈھانچہ، مشترکہ کارروائیاں اور دفاع میں قومی خود انحصاری ہندوستان کی فوجی طاقت کے مستقبل کو تشکیل دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ میں یکجہتی کیلئے ایک قوم اور ایک فوج کے طور پر لڑنا۔ خود انحصاری یعنی بھروسہ مند پلیٹ فارمس اور سسٹم کی تیاری نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کیلئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تین ستون ہندوستان کی مستقبل کی جنگی طاقت کو تشکیل دیں گے ۔ جیسا کہ جنگی منظرنامہ جغرافیائی، اقتصادی اور تکنیکی تبدیلیوں سے متاثر ہو رہا ہے ہندوستان کے مستقبل کے فوجی رہنماؤں کو مصنوعی ذہانت، خودکار نظام اور ادراکی جنگ جیسے ابھرتے شعبوں میں مہارت حاصل کرنی ہوگی۔ جنرل چوہان نے خبردار کیا کہ لاعلمی تکبر سے زیادہ خطرناک ہے ۔انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ تیزی سے بدلتے جنگی ماحول میں ہمہ وقت متحرک، اصول پرست اور لچکدار رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جدید جنگ میں ادراک، معلوماتی بالادستی بھی روایتی طاقت جتنی ہی اہمیت رکھتے ہیں۔ جنرل چوہان نے زور دیا کہ مستقبل کی کامیابی خلائی، سائبر اور تکنیکی شعبوں میں برتری برقرار رکھنے پر منحصر ہوگی۔ ایک نئی ٹکنالوجی پوری آپریشنل توازن بدل سکتی ہے ۔ افواج مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیٹا فیوژن، خودکار اور بغیر پائلٹ کے نظام، انسانی اور غیر انسانی ٹیم ورک کی کارروائیوں پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے ایک چینی فلسفی کا حوالہ دیا اور کہا کہ دشمن اور خود کو جاننا فتح کی کنجی ہے ، خاص طور پر ابھرتے شعبوں میں جنگیں ذہانت، جدت اور پہل سے تشکیل پاتی ہیں۔ مختلف برانچس کے فلائٹ کیڈٹس کی پری کمیشننگ ٹریننگ کی کامیاب تکمیل کا جشن منایا گیا۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے نئے عہدیداروں کو صدر جمہوریہ کا کمیشن عطا کیا۔ فلائنگ عہدیداروں، انڈین نیوی، انڈین کوسٹ گارڈ اور ویتنام کے تربیت یافتہ عہدیداروں کو ونگس اور بریویٹس پیش کئے گئے ۔
