نئی دہلی،12اپریل (سیاست ڈاٹ کام )مستقبل کی بدلتے چیلنجس کے پیش نظر فوج کے اعلیٰ کمانڈروں کی کانفرنس میں تینوں فوجوں کے درمیان بہتر تال میل اورمشترکہ طور پر مہم کو انجام دینے پر زور دیا گیا۔ فوج کے اعلیٰ کمانڈروں کے گذشتہ چار دن سے یہاں جاری ششماہی کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مستقبل کے چیلنجز اور مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لیے تینوں فوجوں کو مل کر لائحہ عمل اور منصوبہ تیار کرنا ہوگا لہذا ان کے درمیان رابطہ کار اور باہمی سوجھ بوجھ ضروری ہے جسے فروغ دینے اور مل کر مہم کو انجام دینے کا نقطہ نظر پیدا کرنے کے لیے ایئر چیف مارشل بی ایس دھنوا نے کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے فضائیہ کے وژن اور اس کے مشن کی معتبریت کا ذکر کرتے ہوئے مشترکہ مہموں کے بارے میں اہم مشورے دیے ۔ فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے کہا کہ چونکہ فوج میں ڈیجیٹلائزیشن مسلسل بڑھ رہا ہے اس لیے تمام افسران اور جوانوں کو اس میں ماہر بنایا جانا چاہیے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے ۔
